نئی دہلی،28؍اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)انڈین پولیس سروس(آئی پی ایس) کے سینئر افسر آر آر بھٹناگر نے آج سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) کے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ سنبھال لیاہے ۔گزشتہ دنوں چھتیس گڑھ کے سکما میں ہوئے نکسلی حملے کے بعد مرکزی وزارت داخلہ نے بھٹناگر کی تقرری کو منظوری دی تھی۔اتر پردیش کیڈر کے 1983بیچ کے آئی پی ایس افسر بھٹناگر نے آج قومی دارالحکومت میں واقع سی آر پی ایف کے ہیڈ کوارٹر میں قائم مقام ڈائریکٹر جنرل سدیپ لکھ ٹکیا سے چارج سنبھال لیا ہے ۔سابق ڈائریکٹر جنرل کے درگاپرساد کے 28فروری کو ریٹائر ہونے کے بعد سے اس عہدے پر نئی تقرری کا انتظار تھا۔بھٹناگر فی الحال منشیات کنٹرول بیورو کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر تعینات تھے۔سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر ان کی مدت کار 32ماہ کی ہوگی ۔ عہدہ سنبھالنے کے فورا بعد انہوں نے سی آر پی ایف کے سینئر حکام سے چھتیس گڑھ میں نکسلی حملوں سے منسلک تازہ واقعات کی تفصیلی معلومات طلب کی۔گزشتہ دو ماہ میں سکما سمیت دیگر نکسلی حملوں میں اب تک 37جوان شہید ہو چکے ہیں۔ملک کے سب سے بڑے نیم فوجی دستے سی آر پی ایف کو نکسل متاثرہ ریاستوں میں نکسل مخالف مہمووں کی کمان سونپی گئی ہے۔